کرونا وائرس کے ہسپتال کی کنکریٹ بنیادیں اور کنکریٹ فرش مکمل، پورا ہسپتال پندرہ دن میں بنانے کا عزم

روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے منٹینس انجینئرنگ سیکشن نے دو دن پہلے کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کے علاج کے لیے جس ہسپتال کی تعمیر کا کام شروع کیا تھا اس کی کنکریٹ بنیادیں اور کنکریٹ فرش مکمل کر لیا گیا ہے۔

اس پروجیکٹ کے تعمیراتی انچارج انجینئر عمار صلاح مہدی نے الکفیل نیٹ ورک کو بتایا ہے 1300مربع میٹر رقبہ پر کنکریٹ فرش مکمل کر لیا گیا ہے اور اس کے لیے 190 مکعب میٹر سے زیادہ سیمنٹ کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس تعمیر کے لیے جتنی بھی کنکریٹ استعمال ہو رہی ہے وہ روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے کنکریٹ پلانٹ سے حاصل کی جا رہی ہے کہ جسے بین الاقوامی تنظیم برائے معیارات سے کوالٹی سرٹیفکیٹ (9001:2015 ISO) بھی حاصل ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہمارے اہلکار ہسپتال کی تعمیر کو یقینی طور پر مقررہ مدت یعنی پندرہ دن میں مکمل کر لیں گے۔

واضح رہے اعلی دینی قیادت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ الوارف) کی ہدایات پر عمل درآمد کے لیے روضہ مبارک کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی (دام عزہ) نے کورونا کے علاج کے لیے الگ سے خاص ہسپتال بنانے کا فیصلہ کیا جس کے بعد مینٹینینس انجینیئرنگ سیکشن نے کورونا وائرس جیسی بیماریوں کے علاج کے لیے کربلا میں موجود امام حسین میڈیکل سٹی کے قریب ایک خصوصی ہسپتال کی تعمیر کا کام شروع کیا ہے کہ جس کی نگرانی اور مشاورت کے لیے روضہ مبارک کے میڈیکل کے شعبہ اور الکفیل ہسپتال کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ اگر خدا ناخواستہ پھر کوئی اس قسم کی بیماری آتی ہے تو اس کے علاج کے لیے پہلے سے ہسپتال اور طبی تیاریاں موجود ہوں۔ اس ہسپتال میں کل 60 کمرے ہوں گے کہ جن میں 52 کمرے مریضوں کے لیے ہوں گے جبکہ آٹھ کمرے اداری امور کے لیے مختص کیے جائیں گے۔ یہ ہسپتال 1170 مربع میٹر رقبہ پر مشتمل ہے کہ جس میں ہر کمرہ دوسرے سے مکمل طور پر الگ ہے، ہر کمرہ الگ سینیٹری یونٹ اور دیگر ضروری سہولیات پر مشتمل ہے اور انشاء اللہ جلد سے جلد اس ہسپتال کی تعمیر کا کام مکمل کر لیا جائے گا تاکہ اگر خدانخواستہ وباء پھوٹنے کی صورت میں اس کے علاج اور اس سے نمٹنے کے لیے ہمارے پاس پہلے سے تیاریاں موجود ہوں۔

Read Previous

ریلیف اینڈ سپورٹ ڈویژن کی بصرہ برانچ دن رات غریب خاندانوں میں غذائی مواد کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے

Read Next

حیرۃ/ نجف اشرف کے مواکب حسینیہ غریب خاندانوں تک غذائی مواد پہنچا رہے ہیں

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے